پاکستان

پی ٹی آئی سے لانگ مارچ کیلیے مالی ضمانت لی جائے آئی جی اسلام آباد

پی ٹی آئی سے لانگ مارچ کیلیے مالی ضمانت لی جائے آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد: پی ٹی آئی لانگ مارچ اور احتجاج کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کروادی ہے، جس میں تجویز دی گئی ہے کہ کسی بھی قسم کے نقصان کے پیش نظر تحریک انصاف سے مالی ضمانت لی جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی تفصیلی رپورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو لاحق خطرات سے متعلق تھریٹ الرٹس بھی شامل کی گئی ہیں۔آئی جی اسلام آباد نے رپورٹ میں بتایا کہ پی ٹی آئی25 مئی کو بھی اپنی یقین دہانی کی خلاف ورزی کرچکی ہے۔ اسی سلسلے میں علی امین گنڈاپور اور دیگر پی ٹی آئی رہنماں کے اشتعال انگیز بیانات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔ آئی جی اسلام آباد کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے وزیر داخلہ کو جان کی دھمکی بھی دی۔ ویڈیوز بھی موجود ہیں جن میں کارکنوں کو غلیلیں دی جارہی ہیں جب کہ شیخ رشید اور فیصل واوڈا کہہ چکے ہیں کہ یہ خونی مارچ ہو گا۔ خود چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ ان کے کچھ لوگ مسلح ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ اجتماع کی اجازت جمہوری حق کے طور پر دی جاتی ہے۔ سپریم کورٹ یہ بھی قرار دے چکی ہے کہ اجتماع قانونی حکومت کو ختم کرانے کے لیے نہیں ہو سکتا۔ احتجاج سے ڈپلومیٹک موومنٹ بھی بند ہو جاتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے