سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 2 کشمیری نوجوانوں کو گرفتاری کے بعد گولیاں مار کر ماورائے عدالت قتل کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھووا میں بھارتی فوج نے ایک گاؤں کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدیس کو پامال کیا۔بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ سرچ آپریشن کے لیے پہنچنے والی ٹیم پر عسکریت پسندوں نے گرنیڈ حملہ کیا جس پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور مقابلے میں 2 عسکریت پسند مارے گئے جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔قبل ازیں کٹھووا کے علاقے میں ہی نامعلوم مسلح افراد نے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔زخمی اہلکار کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت کبیر داس کے نام سے ہوئی ہے۔اس واقعے کے بعد ہی بھارتی فوج نے کٹھووا میں سرچ آپریشن کیا اور دو نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کردیا۔واضح رہے کہ ضلع ڈوڈا میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت نازک ہے۔