اسلام آباد:عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر ہو گئی۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی رخصت کے باعث بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف فرد جرم کی کارروائی مؤخر کی گئی ہے، جس کے بعد فرد جرم کی نئی تاریخ مقرر کردی گئی۔
عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی پر کیس میں فرد جرم کے لیے 29 اکتوبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف فرد جرم کی کارروائی مؤخر کردی گئی تھی۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر گزشتہ سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ سکیورٹی خدشات کے سبب اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں اور جیل سماعتوں پر پابندی عائد ہے۔