تل ابیب: حزب اللہ نے پیجر دھماکوں اور اپنے سینیئر کمانڈر کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل کے وسطی علاقے میں واقع خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈ کوارٹر پر میزائل حملہ کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں موساد کے ہیڈکوارٹر کو “قدر 1″ بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
جس کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ میزائل موساد کے ہیڈ کوارٹر کے قریب گرا جس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا البتہ راکٹ گرنے کے مقام پر آگ لگ گئی تھی۔
دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے میزائل نے اسرائیل کے بیش قیمت اور انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے بھرے دفاعی نظام کو چکمہ دیکر اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
حزب اللہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے موساد ہیڈ کوارٹر پر مزائل حملہ لبنان میں پیجر اور واکی ٹاکی دھماکوں میں اپنے اعلیٰ کمانڈرز کی شہادت کا بدلہ لینا ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آج صبح لبنان میں حزب اللہ کے ایک لانچر کو مار گرایا جو زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کو تباہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔