واشنگٹن/کیف: گزشتہ روز روس کے کیف سمیت 7 بڑے شہروں میں میزائل حملوں کے جواب میں امریکا نے یوکرین کو میزائل فضا میں ہی تباہ کرنے والا ایئرڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے یوکرینی ہم منصب وولودیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور جدید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔امریکی صدر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اور ان کے اتحادی یوکرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے اور جی 7 اجلاس میں بھی یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی جائے گی۔ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنس کی نے ایک بار پھر دوست ممالک سے جنگی ساز و سامان کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ روس کے حالیہ میزائل حملے یوکرین کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش تھی۔ وائٹ ہاوس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا یوکرین ایئر ڈیفنس سسٹم کے ساتھ دیگر فوجی ساز و سامان کی فراہمی بھی جاری رکھے گا تاکہ روسی جارحیت کے خلاف یوکرین اپنا دفاع کرسکے۔ خیال رہے کہ صدر جوبائیڈن نے ایئر ڈیفنس سسٹم دینے کا وعدہ اس وقت کیا جب گزشتہ روز ہی روس نے یوکرینی دارالحکومت سمیت 7 بڑے شہروں پر میزائل حملے کیے جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ الجزیرہ کے رپورٹر کے مطابق امریکا نے جو ایئر ڈیفنس سسٹم دینے کا وعدہ کیا ہے وہ ڈرون اور میزائل کے علاوہ ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس فروری کو روس نے یوکرین پر حملہ کرکے چار بڑے شہروں پر قبضہ کرلیا تھا اور ان شہروں میں ریفرنڈم کراکر اپنے ساتھ جبرا الحاق بھی کرلیا۔