ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار اکشے کمار، آر مادھون، اور اننیا پانڈے پہلی بار ایک ساتھ سی شنکرن نائر کی زندگی پر مبنی ایک طاقتور سماجی ڈرامہ میں نظر آئیں گے۔
یہ فلم بھارت کے مشہور وکیل سی شنکرن نائر کی حقیقی زندگی کی کہانی پر مبنی ہے جس میں انہوں نے برطانوی سامراج کے خلاف جلیاں والا باغ قتل عام کو بے نقاب کرنے کے لیے ایک تاریخی مقدمہ لڑا تھا۔
دھرما پروڈکشنز نے جمعہ کی صبح سوشل میڈیا پر فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا، جس کے مطابق یہ فلم ہولی کے موقع پر 14 مارچ 2025 کو ریلیز ہوگی۔
کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے لکھا، “ایک انوکھی کہانی، ایک ان سنی سچائی”۔ فلم کی ہدایتکاری کرن سنگھ تیاگی نے کی ہے، اور یہ فلم رگھو پالت اور پشپا پالت کی کتاب “دی کیس دیٹ شوک دی ایمپائر” سے ماخوذ ہے۔
یہ فلم جلیاں والا باغ قتل عام کے بعد ہونے والے طویل ترین مقدمات میں سے ایک پر مبنی ہے، جس میں سی شنکرن نائر نے بھارتی عوام کے حق میں تاریخی جنگ لڑی۔
یہ فلم برطانوی ظلم و ستم کے خلاف نائر کی بے باک جدوجہد کو نمایاں کرتی ہے اور بھارت کی آزادی کی جدوجہد کے ایک اہم لمحے کی عکاسی کرتی ہے۔