بالی ووڈ اداکارہ ملیکہ شراوت نے حال ہی میں اپنے ابتدائی دنوں میں انڈسٹری میں درپیش مشکلات کا کھل کر ذکر کیا۔
ایک انٹرویو میں ملیکہ نے انکشاف کیا کہ کچھ بالی ووڈ ہیروز رات کے وقت انہیں فون کر کے ملاقات کی درخواست کرتے تھے اور ان کے بولڈ کرداروں کو ذاتی حدیں پار کرنے کا جواز بناتے تھے۔
ملیکہ شراوت نے کہا کہ اداکار سوچتے تھے کہ اگر وہ اسکرین پر بولڈ کردار نبھا سکتی ہیں تو آف اسکرین بھی ان کے ساتھ سمجھوتا کر سکتی ہیں۔
ان کے مطابق، کچھ ہیروز نے انہیں رات کے وقت اپنے کمروں میں آنے کے لیے کہا، جس پر انہوں نے سوال کیا کہ "رات میں کیوں؟” ان کا جواب ہوتا تھا کہ "تم بولڈ سین کرتی ہو، تو رات میں ملنے میں کیا مسئلہ ہے؟”
ایک اور ناخوشگوار تجربے کا ذکر کرتے ہوئے ملیکہ نے بتایا کہ دبئی میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک اداکار نے ان کے کمرے کے دروازے پر آدھی رات کو دستک دی اور اندر آنے کی ضد کی، جسے ملیکہ نے سختی سے رد کیا۔ اس واقعے کے بعد اس اداکار نے ملیکہ کے ساتھ دوبارہ کام نہیں کیا۔
ملیکہ شراوت، جنہوں نے 2002 میں فلم جینا صرف میرے لیے سے بالی ووڈ میں قدم رکھا، 2004 کی فلم مرڈر سے شہرت حاصل کی۔ انہوں نے پیار کے سائیڈ افیکٹس، ویلکم اور خواہش جیسی فلموں میں کام کیا، اور ہالی ووڈ فلموں ہِس اور پولیٹکس آف لو میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔ وہ جلد ہی وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو کے ذریعے اسکرین پر واپسی کر رہی ہیں جس میں راجکمار راؤ اور تِرپتی ڈمری بھی شامل ہیں۔