دنیا بھر میں پیغام رسانی کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ‘واٹس ایپ’ صارفین کو متنبہ کیا گیا ہے کہ جعل سازی کے ذریعے بینک اکاؤنٹ اور نجی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ پر نامعلوم سمت سے ایک لنک موصول ہورہا ہے جس میں صارفین کو چکما دیا جاتا ہے کہ وہ لنک میں موجود سوالات کے جواب دیں جس کے بدلے انہیں انعام کے طور پر رقم یا تحائف دیے جائیں گے، سادہ لوح انسان اس فراڈ کا شکار بھی ہورہے ہیں۔
تاہم یہ اب تک واضح نہیں ہوسکا کہ کس ملک کے شہریوں کے ساتھ یہ جعل سازی ہورہی ہے۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہےکہ وہ ایسے کسی پیغام پر کان نہ دھریں بلکہ لنک موصول ہونے کی صورت میں فوری ڈلیٹ کردیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق Rediroff.com کے نام سے واٹس ایپ پر لنک پھیلائے جارہے ہیں جو شہریوں کو پھنسانے کا جال ہے، یہ پیغام اینڈرائیڈ، آئی او ایس سسٹم اور کمپیوٹر پر بھی ایپ کے ذریعے موصول ہورہا ہے۔
لوگوں کی بڑی تعداد جعل سازی کا شکار بھی ہوچکی ہے۔ فراڈ میں ملوث افراد صارفین کی معلومات حاصل کرکے ان کی ڈیوائس پر کوئی ایپ بھی انسٹال کر سکتے ہیں۔ وہ صارفین جنہوں نے غلطی سے لنک کھولا ہے وہ فوراً اپنی ڈیوائس کو اینٹی وائرس سافٹ ویئر سے صاف کردیں۔