پاکستان تازہ ترین

کرپٹ اشرافیہ نے اپنے مفادات کیلیے آئین کی پامالی کے کلچر کو پروان چڑھایا عمران خان

کرپٹ اشرافیہ نے اپنے مفادات کیلیے آئین کی پامالی کے کلچر کو پروان چڑھایا عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ اشرافیہ نے اپنے مفادات کے لیے آئین اور قانون کی پامالی کے کلچر کو پروان چڑھایا۔ نیشنل پریس کلب اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے مشترکہ وفد سے عمران خان نے ملاقات کی، جس میں ملک میں اظہارِ رائے کی آزادی اور اہلِ صحافت کیخلاف حکومتی سطح پر روا رکھے جانے والی فسطائیت پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد آئین و قانون کی بالادستی سے عبارت ہے، عدل و انصاف کے قیام اور قانون کی حکمرانی کے بغیر خوشحال معاشرے کی تشکیل کا تصور ہی محال ہے، کرپٹ اشرافیہ نے محض اپنے مفادات کیلئے دستور و قانون کی پامالی کا کلچر پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ سرکار کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزی خصوصا میڈیا پر اعلانیہ و غیر اعلانیہ بندشوں کی نظیر کسی آمر کے دور سے لانا بھی ناممکن ہے، دہشت گردی کے پرچوں کے اندراج سے چینلز کی بندشوں تک ہر حربہ آزمایا جارہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ محض رائے کے اظہار پر بزرگ سینیٹر اعظم سواتی سمیت دیگر سیاسی کارکنان اور صحافیوں پر زیرحراست تشدد جیسی شرمناک روایت زندہ کی گئیں،ہماری حقیقی آزادی کی تحریک ملک میں قانون کی حکمرانی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، اہلِ قلم و دانش پر لازم ہے کہ ظلم و لا قانونیت کیخلاف کسی مصلحت کا شکار ہوئے بغیر آواز بلند کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دستور و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تحریک کو بھرپور انداز میں منطقی انجام تک پہنچانے کی تیاری کررہے ہیں، فوری طور پر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد موجودہ سیاسی و معاشی بحران سے نجات کا واحد ذریعہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے