علی پور چٹھہ: تھانہ علی پور چٹھہ کی حدود میں تہرے قتل کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس نے عید کے روز اپنے تین قریبی رشتہ داروں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے ملزم نعمان کو گرفتار کر لیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم کو ملزم کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔
سی پی او گوجرانوالہ نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او وزیر آباد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اور پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم نعمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم قبل ازیں جائیداد کے لالچ میں اپنے والد کو قتل کرچکا ہے اور اس نے قریبی رشتہ داروں کو والد کے مقدمے میں پیش ہونے کی رنجش پر قتل کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے اور اس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تہرے قتل کے ملزم کی ریکارڈ مدت میں گرفتاری پر سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔