لکی مروت: مسلح دہشت گردوں نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے جیل، تھانے اور پولیس چوکی پر یکے بعد دیگرے حملے کیے، پولیس کے بہادر جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے تینوں حملوں کو ناکام بنادیا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں رات ساڑھے گیارہ بجے کے قریب مسلح دہشت گردوں نے جیل، پولیس چوکی لکی سٹی اور تھانہ لکی پر تین اطراف سے حملہ کیا۔
دہشتگردوں نے پولیس چوکی پر دستی بم پھینکے اور اندھا دھند فائرنگ کی۔ پولیس چوکی میں موجود اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں ملزمان فرار ہوگئے۔ بعد ازاں مسلح افراد نے تھانہ لکی مروت پر حملہ کیا، جس پر پولیس کے بہادر جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کو پسپا کر کے بھاگنے پر مجبور کیا۔
سینئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے یکے بعد دیگرے تین حملے کیے، جس میں تھانہ لکی، پولیس چوکی اور جیل کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے تینوں مقامات پر دہشت گردوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔