علاقائی قومی

کراچی؛ ڈکیتی میں مزاحمت پر سکیورٹی گارڈ قتل، ڈاکو 10 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

کراچی: نیو کراچی کے علاقے میں ڈاکوؤں نے سکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور 10 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق سیکٹر الیون ڈی ، 5 نمبر فیض عطار مسجد کے قریب نجی بینک کے باہر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا ، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ، جہاں مقتول کی شناخت 28 سالہ عمر زمان ولد سید وزیر کے نام سے کی گئی ۔

مقتول ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے سائٹ ایریا کا رہائشی اور نجی سکیورٹی کمپنی میں بطور گارڈ ملازمت کرتا تھا ۔ کمپنی کی طرف سے پولٹری فارموں سے شہر میں مرغیاں سپلائی کرنے والے کے پاس رقم کی ریکوری کرنے کا کام کرتا تھا۔
واقعے کے وقت مقتول عمر زمان شہر کی دیگر دکانوں سے رقم کی ریکوری کرتے ہوئے ہائی روف میں سوار ہو کر مرغی کی دکان سے رقم کی ریکوری کے لیے آیا تھا کہ اس دوران 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو آئے اور انہوں نے رقم لوٹنے کی کوشش کی، جس پر عمرزمان نے مزاحمت کی۔

مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر کے سکیورٹی گارڈ کو زخمی کیا اور رقم سے بھرے تھیلے لے کر فرار ہوگئے ۔ بعد ازاں زخمی کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ دوران سفر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان 10 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہو ئے ہیں، مزید تفصیلات تفتیش کے بعد سامنے آئیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے