کراچی: اورنگی ٹاؤن میں گھرمیں ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس یونیفارم اورسادہ لباس میں ملبوس درجن سے زائد ملزمان اسلحے کے زورپراہلخانہ کو یرغمال بنانے کے بعد 2 کروڑ سے زائد نقد رقم ،70 سے 80 تولے مالیت کے طلائی زیورات،متعدد موبائل فونز، لیپ ٹاپ اوردیگرقیمتی سامان لوٹ کر فرارہوگئے۔
مسلح ملزمان 2 بھائیوں کو بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے جنہیں بلوچ کالونی پل پراتاردیا گیا،مسلح ملزمان ایک ڈبل کیبن گاڑی ، پولیس موبائل ، ایک مہران گاڑی اور 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، پونے دو گھنٹے تک لوٹ مار کرتے رہے اور گھر میں لگے سی سی ٹی وی کمیرہ کا ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے اوراتوارکی درمیانی شب پیرآباد تھانے کےعلاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹرفائیو ای میں سینیٹری کے سامان کا ہول سیل کا کام کرنے والے دکانداروں کے گھرمیں ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس یونیفارم اورسادہ لباس میں ملبوس درجن سے زائد ملزمان اہلخانہ کو اسلحے کے زورپر یرغمال بنانے کے بعد 2 کروڑ سے زائد نقد رقم ،70 سے 80 تولے مالیت کے طلائی زیورات،متعدد موبائل فونز، لیپ ٹاپ اوردیگرقیمتی سامان لوٹ کر فرارہوگئے۔
مسلح ملزمان 2 دکاندار بھائیوں کو بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے جنہیں ٹیپو سلطان کے علاقے بلوچ کالونی پل پراتاردیا گیا۔
متاثرہ دکان دارعمران نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب 2 بج کر20 منٹ پر پولیس یونیفارم اورسادہ لباس میں ملبوس درجن سے زائد ملزمان ان کے گھر میں داخل ہوئے اور اپنا تعلق محکمہ پولیس نے ظاہرکرتے ہوئے بتایا کہ انہیں گھر میں اسلحہ کی موجودگی کی اطلاع ملی ہے جس پر وہ آئے ہیں مسلح ملزمان نے گھر والوں کواسلحہ کے زور پرایک جگہ جمع کرلیا اورتعاون کرنے کا کہا۔
مسلح ملزمان باری باری کمروں کی تلاشی لینے کے لگے جس کے دوران گھرمیں موجود2 کروڑ سے زائد کی نقد رقم ،70 سے 80 تولے مالیت کے طلائی زیورات،متعدد موبائل فونز، لیپ ٹاپ اوردیگرقیمتی سامان لوٹ کر فرارہوگئے۔ ملزمان تقریبا پونے 2 گھنٹے تک ان کے گھرمیں موجود رہے اور پورے گھر کا سامان بکھیر دیا۔
انھوں نے بتایا کہ وہ کئی کمپنیوں کے مجاز ڈیلر بھی ہیں ان کے پاس دکانداروں کی رقم موجود تھی جوانہیں کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں جمع کرانے تھے لیکن ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے وہ رقم بینک میں جمع نہ کراسکے اوریہ واردات ہو گئی۔
انھوں نے بتایا کہ وہ 6 بھائی ہیں اورتمام شادی شدہ اور ان کے بچے بھی موجود ہیں اورگھر میں سب بھائیوں کی بیویوں کے پاس طلائی زیورات موجود تھے جبکہ چند ماہ کے بعد ان کی بہن کی بھی شادی ہونے والی تھی اس کے زیورات بھی گھرمیں موجود تھے ان کی مرحومہ والدہ کے بھی زیورات موجود تھے ،ملزمان تمام زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔
انھوں نے بتایا کہ مسلح ملزمان گھر میں لگے سی سی ٹی وی کا ڈی وی آربھی ساتھ لے گئے ہیں جبکہ جاتے جاتے عامر اور شاکر کو آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر پولیس موبائل میں ساتھ لے گئے جنہیں ٹیپو سلطان تھانے کے علاقے بلوچ کالونی پل پر اتار دیا گیا۔
مسلح ملزمان ایک ڈبل کیبن گاڑی ، پولیس موبائل ، ایک مہران گاڑی اور2 موٹرسائیکلوں پرسوارتھے مسلح ملزمان نے ان کے گھر کا محاصرہ کیا ہوا تھا جب گھر کا دروازہ کھٹکھٹانے کےبعد انھوں نے دروازہ نہیں کھولا تو برابر والے گھر سے ان کے گھر میں داخل ہوئے اورایک ملزم نے مرکزی دروازہ کھولا اور تمام ملزمان گھر میں داخل ہو گئے ۔
انھوں نے بتایا کہ پڑوسی گھر میں لگے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز حاصل کرلی ہیں جس میں ڈبل کیبن گاڑی ،پولیس موبائل ،ایک مہران گاڑی اور2 موٹر سائیکلوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ جس وقت ملزمان گھر میں داخل ہوئے ان کا ایک بھائی عمران گھرسے باہر تھا جس نے فوراً ہی مدد گار 15 پولیس کو اطلاع کردی تھی لیکن پولیس موقع پر نہیں پہنچی دو مرتبہ تھانے جاکر بھی واردات کی اطلاع دے چکے ہیں لیکن تھانے میں موجود پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او موجود نہیں ہے وہ تھانے آئیں تو اس کے بعد ہی کچھ ہوسکے گا۔