ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول جلد ہی اپنی نئی فلم “مہارانی: کوئین آف کوئینز” میں شاندار ایکشن کرتے ہوئے نظر آئیں گی۔ اس فلم کی شوٹنگ آخری مراحل میں ہے اور اسے اکتوبر کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔
یہ فلم تلگو ڈائریکٹر چرن تیج اپلاپتی کی ہدایت کاری میں بن رہی ہے، جس میں کاجول ایک طاقتور کردار مایا کے روپ میں دکھائی دیں گی، جو دھاراوی کی جھگیوں سے اُبھر کر مہاراشٹر کی طاقتور شخصیت بن جاتی ہیں۔
فلم کا ایک بڑا حصہ حیدرآباد میں شوٹ کیا گیا ہے، جہاں کاجول نے زبردست ایکشن مناظر کی عکس بندی کی ہے۔ ان مناظر کو خصوصی طور پر تیار کردہ سیٹ پر فلمایا گیا ہے، جس میں کاجول نے اسلحے کا استعمال اور ہاتھوں سے لڑائی کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
اس فلم کے ایکشن مناظر کو پیٹر ہین نے ترتیب دیا ہے، جو “پشپا” اور “دیوارا” جیسی مشہور فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں۔
فلم کے ایکشن مناظر کو اور بھی زیادہ دلچسپ بنانے کے لیے جرمن اسٹنٹ کوآرڈینیٹر فلورین ہوٹز کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو “ہنگر گیمز” اور “جان وِک” جیسی عالمی شہرت یافتہ فلموں پر کام کر چکے ہیں۔
یہ فلم ہندی کے ساتھ ساتھ تلگو، تمل، ملیالم، اور کنڑ زبانوں میں بھی ڈب کی جا رہی ہے، اور اس کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔