دنیا

امریکی صدارتی انتخاب کی دوڑ میں ٹرمپ کی رفتار تیز؛ کملا پیچھے رہ گئیں

امریکی صدارتی انتخاب کی دوڑ میں ٹرمپ کی رفتار تیز؛ کملا پیچھے رہ گئیں

امریکا میں صدارتی الیکشن 5 نومبر سے ہوں گے جس کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے امیدواروں کے درمیان انتخابی مہم میں تیزی آگئی ہے اور عوامی سروے کانٹے کے مقابلے کی پیشن گوئی کر رہے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق تازہ سروے میں صدارتی الیکشن کی ڈور میں امریکا کی فیصلہ کہلائی جانے والی ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ مضبوط پوزیشن حاصل کر رہے ہیں۔

جارجیا اور نیواڈا سمیت میدانِ جنگ کی تمام 7 اہم ریاستوں میں ٹرمپ کو برتری حاصل ہے، جہاں ابتدائی ووٹنگ بھی ریپبلکنز کے حق میں جا رہی ہے۔

اس ضمن میں امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے تازہ ترین اپ ڈیٹس سامنے آئی ہیں جن کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ میدانِ جنگ کی اہم سوئنگ ریاستوں میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

حالیہ سروے کے مطابق تمام 7 اہم ریاستوں میں فرق بہت کم ہے اور زیادہ تر ریاستوں میں ووٹرز کا رجحان ٹرمپ کی جانب بڑھتا نظر آرہا ہے۔

ان کامیابیوں کے باوجود، یہ انتخابی دوڑ سخت ہے، تاہم کملا ہیرس روایتی ڈیمو کریٹک گڑھ میں اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں، البتہ ڈیموکریٹک کیمپ کے لیے خدشات بڑھ رہے ہیں۔

نیویارک کے ایک حالیہ سروے میں کملا ہیرس کو 19 پوائنٹس سے آگے دکھایا گیا ہے جو توقع سے بڑی برتری ہے، پھر بھی یہ ڈیموکریٹس کے لیے الیکٹورل کالج کے کم ہوتے ہوئے فوائد کا خدشہ بہرحال اپنی جگہ ہے۔

نیٹ سلور کا ماڈل 27 فیصد امکان کی نشاندہی کرتا ہے کہ کملا ہیرس مقبول ووٹ جیت سکتی ہیں لیکن وہ الیکٹورل کالج سے ہار سکتی ہیں، اس طرح کا منظر 2000 کے انتخابات کی یاد دلاتا ہے۔

ادھر ایریزونا اور وسکونسن جیسی ریاستوں میں ٹرمپ نے اپنی جگہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، پولز سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریپبلکن ان اہم ریاستوں میں کامیابی حاصل کر رہے ہیں اور یہ نتائج حتمی انتخابی نتائج میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اس ضمن میں جو اہم ریاستوں میں تبدیلیاں سامنے آ رہی ہیں ان اہم ریاستوں میں جارجیا میں ٹرمپ 1.5 پوائنٹس سے آگے ہیں جب کہ وہ اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر رہے ہیں۔

نیواڈا میں کملا ہیرس کو 0.4 پوائنٹس کی معمولی برتری حاصل ہے، تاہم ابتدائی ووٹنگ ٹرمپ کے حق میں جا رہی ہیں۔

ایریزونا میں ٹرمپ کو 2 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے، جس سے ان کی حالیہ کامیابیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پنسلوانیا اور مشی گن میں کملا ہیرس معمولی برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔

مگر حالیہ رجحانات ٹرمپ کے حق میں ہیں، یہ پولنگ سے حاصل ہونے والی اپ ڈیٹس ایک انتہائی سخت مقابلے کی نشاندہی کرتی ہیں، جس کا انحصار ٹرن آؤٹ اور ابتدائی ووٹنگ پر ہو گا۔

یہ دوڑ ممکنہ طور پر ٹرن آؤٹ اور آنے والے ہفتوں میں میدانِ جنگ کی اہم 7 سوئنگ ریاستوں میں ابتدائی ووٹنگ کے نتائج پر منحصر ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے