پاکستان تازہ ترین

مزید فلسطینی طلبہ کو سرکاری خرچ پر تعلیم دیں گے، وزیر اعظم

مزید فلسطینی طلبہ کو سرکاری خرچ پر تعلیم دیں گے، وزیر اعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں فلسطینی طلبا کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید فلسطینی طلبا کو سرکاری اخراجات پر مفت تعلیم دی جائے گی۔

عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگ بند کرانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے، پاکستان کے عوام مشکل کی گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پاکستانی میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم فلسطینی طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا غزہ کے ذہین طلبا سے خطاب کرنا اعزاز کی بات ہے، پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے، کھلے دل سے ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، ان کے مصائب سے پاکستان سمیت پوری دنیا آگاہ ہے اور اس میں روز بروز شدت آ رہی ہے۔

مقبوضہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بہیمانہ مظالم جاری ہیں جس میں اب تک 43ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، ہزاروں بچوں کو ان کی ماؤں کی گود میں شہید کیا گیا ہے، کئی شہر تباہ کر دیئے گئے۔ عالمی برادری ابھی تک صرف قراردادیں منظور، تقریریں اور وعدے کر رہی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، عالمی عدالت انصاف سمیت کسی بین الاقوامی فورم نے جنگ بندی کیلئے کچھ نہیں کیا، دنیا کی تاریخ میں اس سے پہلے اتنی تباہی نہیں ہوئی۔ آپ ہمارے بہن بھائی ہیں، ہمارے گھر، اساتذہ سب کچھ آپ کیلئے ہیں، ہم پاکستان میں آپ کیلئے وہ سب کچھ کریں گے جس کی آپ کو ضرورت ہو گی۔

انہوں نے کہا میں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران مشرقی تیمور، سوڈان کے معاملہ کے حل اور تنازع فلسطین کے حوالہ سے عالمی برادری کے سامنے موازنہ پیش کیا، جب طاقتور ممالک چاہتے ہیں تو مسئلہ حل ہو جاتا ہے، جب وہ نہیں چاہتے تو مسئلہ کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

فلسطینیوں کی امیدیں پوری دنیا کیلئے متاثر کن ہیں، ہر خاندان سے لوگ شہید ہوئے ہیں، انتہائی افسوسناک صورتحال ہے، غزہ اور فلسطین کے لوگوں کی زندگیاں بچانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، غزہ آؤٹ ریچ پروگرام فار ایجوکیشن کیلئے مخیر حضرات نے تعاون فراہم کیا۔ 145فلسطینی طالب علم پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

مزید طالب علموں کی مختلف شہروں میں تعلیم کی فراہمی کیلئے ہم ان کی میزبانی کریں گے، یہ ہماری ذمے داری ہے۔ پاکستان میں مزید فلسطینی طالب علموں کو سرکاری خرچ پر مفت طبی تعلیم فراہم کی جائے گی، علاوہ ازیں وزیرِاعظم نے متحدہ قومی موومنٹ کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے بیٹے کی کار حادثے میں وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے