مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سودی نظام کے خاتمہ کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی دمڑ ہاؤس میں ملاقات 26 ویں آئینی ترمیم میں سودی نظام کے خاتمے اور سوسائٹی ایکٹ ترمیمی بل مدارس رجسٹریشن کی منظوری پر مبارک باد اور خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی وائس چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان پیر جی خالد محمود قاسمی، مولانا ابراہیم عبداللہ، صاحبزادہ حسین احمد قاسمی، مجیب دمڑ، جمعیت علماء اسلام فیصل آباد کے امیر میاں عرفان، سیکرٹری جنرل فیصل آباد مفتی شاہد معاویہ اور جمعیت علماء اسلام ضلع فیصل آباد کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ26ویں آئینی ترمیم میں سود کے خاتمے سے متعلق منظوری پوری قوم کیلئے باعث افتخار ہے۔
سودی نظام کے خاتمہ کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا اور یہ اللہ کا نظام ہے جب ہم پی ڈی ایم کے اقتدار میں تھے اس وقت ڈرافٹ تیار ہوا اور ہم اب حزب اختلاف میں ہیں تو اللہ تعالیٰ نے ہم سے یہ خیر کاکام لیا اس پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ باز گشت سنائی دی جا رہی ہیں کہ 27ویں آئینی ترمیم بھی آئے گی جو26 ویں ترمیم میں نہیں ہو سکا وہ اس ترمیم میں کیا جائے گا ہم یہ ترمیم نہیں ہونے دیں گے اگر آئی تو بھر پور مزاحمت کریں گے۔
اس موقع پر صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اور جمعیت علماء اسلام فیصل آباد کے عہدیداران 26 ویں آئینی ترمیم میں سودی نظام کے خاتمے اور سوسائٹی ایکٹ ترمیمی بل مدارس رجسٹریشن کی منظوری پر مولانا فضل الرحمن کو مبارک باد اور خراج تحسین پیش کیا۔