اسلام آباد:چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں تمام دستیاب جج شریک ہوں گے، اس موقع پر اہم انتظامی فیصلے متوقع ہیں جبکہ عدالتی اصلاحات پر بھی غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سینیئر جج جسٹس منصور علی شاہ عمرے کی ادائیگی کیلیے اس وقت سعودی عرب میں ہیں، اس سے قبل سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بھی حلف لینے کے بعد فل کورٹ اجلاس بلایا تھا۔
دریں اثنا سپریم کورٹ نے آج سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کی کاز لسٹ جاری کرتے ہوئے968 مقدمات سماعت کیلیے مقرر کردیے، 8 ریگولر بینچز مقدمات کی سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل بینچ 140، جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل بینچ بھی 140 مقدمات سنے گا، جبکہ جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عرفان سعادت پر مشتمل بینچ کے سامنے بھی 140 مقدمات سماعت کیلیے مقرر ہیں۔