انٹرٹینمنٹ

فلم کی شوٹنگ کے دوران 3 ماہ کےلیے بینائی چلی گئی تھی، اجے دیوگن کا انکشاف

فلم کی شوٹنگ کے دوران 3 ماہ کےلیے بینائی چلی گئی تھی، اجے دیوگن کا انکشاف

بالی ووڈ کے معروف ایکشن ہیرو اجے دیوگن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بینائی سے محروم ہوگئے تھے۔

حال ہی میں اجے دیوگن ریئلٹی شو بگ باس میں شریک ہوئے جہاں سلمان خان نے انکشاف کیا کہ اپنی ایکشن فلم سنگھم اگین کی شوٹنگ کے دوران اجے ایک ایکشن سین فلماتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔

سلمان خان نے بتایا کہ ایکشن سین میں ایک کردار سے لڑائی کے دوران غلط ٹائمنگ کے باعث لکڑی اجے کی آنکھ میں جالگی تھی جس کی وجہ سے وہ تقریباً 2 سے 3 ماہ کےلیے بینائی کھو بیٹھے تھے۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ ایکشن فلم کی شوٹنگ میں ایسا ہوتا رہتا ہے جبکہ آج کل کے اداکاروں کو بہت سی سہولیات مل گئی ہیں جو ماضی میں میسر نہیں تھیں۔

اجے دیوگن نے بتایا کہ وہ روہت شیٹھی کی ایکشن فلم سنگھم اگین میں اس قدر بری طرح زخمی ہوئے کہ انہیں آنکھ کی سرجری بھی کروانا پڑی اور وہ کئی دنوں تک تکلیف میں رہے، تاہم اب وہ بہتر ہیں اور جلد فلم میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ سنگھم اگین سپر ہٹ فرنچائز کی تیسری قسط ہے۔ سنگھم 2011 میں ریلیز ہوئی، جس میں کاجل اگروال اور پرکاش راج نے مرکزی کردار ادا کیے، اس کے بعد 2014 میں سنگھم ریٹرنز ریلیز ہوئی، دونوں پروجیکٹس کو باکس آفس پر کامیاب قرار دیا گیا جبکہ اس فرنچائز کا تیسرا حصہ اس دیوالی پر ریلیز کیا جائے گا۔

روہت شیٹھی کی ہدایت کاری میں بننے والی سنگھم اگین میں اجے باجی راؤ سنگھم کے کردار میں دوبارہ نظر آئیں گے۔ فلم میں سلمان بھی ایک کیمیو کریں گے جبکہ دیگر کرداروں میں رنویر سنگھ، اکشے کمار، کرینہ کپور، دیپیکا پڈوکون، ٹائیگر شروف اور ارجن کپور بھی شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے