پاکستان تازہ ترین

توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری

توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا کیس؛ عمران خان، بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تحریری حکمنامہ جاری کیا، عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت 4 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

تحریری حکمنامے کے مطابق آفس نے درخواست پر وکالت نامہ پرانا ہونے کا اعتراض عائد کیا، وکالت نامے میں وکیل کو درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے حکم نامے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر آفس کا اعتراض دور کیا جاتا ہے، ٹرائل کورٹ کا درخواست ضمانت مسترد کرنے کا تصدیق شدہ آرڈر نہ ہونے کا بھی اعتراض عائد کیا گیا۔

عدالت نے کہا کہ عمران خان کے وکیل نے تصدیق شدہ آرڈر کی کاپی عدالت میں پیش کر دی، ٹرائل کورٹ کے آرڈر کی کاپی متعلقہ آفس میں جمع کرائی جائے، آفس درخواست ضمانت پر نمبر لگا کر کیس پیر کو سماعت کیلئے مقرر کرے۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست ضمانت پر سماعت کی، عمران خان کی جانب سے عائشہ خالد، شاہینہ شہاب و دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

دلائل سننے کے بعد عدالت عالیہ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیے اور درخواست کو پیر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے