کھیل

پہلا ون ڈے: پاکستان کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 204 رنز کا ہدف

پہلا ون ڈے: پاکستان کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 204 رنز کا ہدف

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے کینگروز کو جیت کے لیے 203 رنز کا ہدف دیا ہے۔

آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں میزبان ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، عبداللہ شفیق کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے والے صائم ایوب 3 رنز کے مجموعی اسکور پر صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

کچھ دیر بعد عبداللہ شفیق نے بھی انہیں ڈریسنگ روم میں جوائن کرلیا، وہ 12 رنز ہی بناسکے، آسٹریلیا کی جانب دونوں وکٹیں مچل اسٹارک نے حاصل کیں۔

سابق کپتان بابراعظم بظاہر اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کررہے تھے لیکن جیسے ہی اسپنرز کو باؤلنگ کے لیے لیا گیا، وہ ایڈم زمپا کو پہلے ہی اوور میں وکٹ دے بیٹھے، بابر 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

کپتان محمد رضوان کی ہمت 44 رنز پر جواب دے گئی، کامران غلام 5 اور نائب کپتان سلمان علی آغا 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، شاہین آفریدی نے 24 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے آخری لمحات میں جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے 2،2 جب کہ مارنس لبوشین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی پلیئنگ الیون
محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد حسنین

آسٹریلیا پلیئنگ الیون
پیٹ کمنز (کپتان)، جیک فریزر میکگورک، میتھیو شارٹ، اسٹیو اسمتھ، جوش انگلیس، مارنس لیبوشین، آرون ہارڈی، گلین میکسویل، شان ایبٹ، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ 8 اور تیسرا 10 نومبر کو کھیلا جائے گا جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 14 سے 18 نومبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے