اسلام آباد:پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مقدمات کی تفصیلات کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
اسد قیصر نے درخواست میں موقف اپنایا کہ کسی ایسے مقدمے میں گرفتاری کا خدشہ ہے جس مقدمے کا پہلے سے علم ہی نہیں لہٰذا ملک بھر میں درج مقدمات، انکوائریز یا انوسٹی گیشنز کی تفصیلات فراہم کرنے کے احکامات دیے جائیں۔ پولیس، نیب اور ایف آئی اے میں درج مقدمات کی معلومات دی جائیں۔
درخواست گزار کے مطابق پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات درج کر کے اٹھایا گیا جبکہ درخواست گزار کے خلاف بھی سیکڑوں جھوٹے سیاسی مقدمات بنائے گئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے موقف دیا کہ ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد کو مقدمات کی تفصیل دینے کا کہا مگر معلومات فراہم نہیں کی گئیں، استدعا ہے کہ عدالت فریقین کو درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل جمع کرانے کا حکم دیا جائے۔
اسد قیصر کی جانب سے درخواست میں وزارت داخلہ سمیت اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے آئی جیز، چیف کمشنر، قومی احتساب بیورو اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔