لاہور:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان میں بانی پی ٹی آئی کی سیاسی ساکھ کیلیے ٹرمپ کارڈ کی صورت اختیار کرگئے۔ حکومتی حلقوں میں ہلچل برپا ہوگئی۔ ن لیگ سمیت حکومت کے دیگر اتحادی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے۔ ہر سیاستدان نے دفاعی پوزیشن سنبھال لی۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے حلقوں میں بانی کی سیاسی واپسی کے حوالے سے اعتماد بڑھنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تاریخ ساز جیت نا صرف کملا ہیرس اور ان کے سیاسی گروپ کے لیے سر پرائز ثابت ہوئی بلکہ اس کا برابر اثر سنٹرل ایشیا بالخصوص پاکستان کی سیاست پر پڑا۔
ایک طرف حکومت اور امریکہ کے تعلقات مزید مستحکم ہونے کے امکانات بڑھ رہے ہیں تو دوسری طرف ایک ایسے خوف کی بھی فضا بڑھ رہی ہے جس سے حکومت کو ٹف ٹائم مل سکتا ہے۔
چہ مگیاں یہ بھی ہورہی ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ بانی پی ٹی آئی کی سیاسی قد بڑھانے اور ان کو جیل سے آزادی دلوانے میں ٹرمپ کارڈ کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔