وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی دہشت گردوں کو واپس لائے، آج وہی لوگ حملے کررہے ہیں۔
مزار اقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اقبال کا جو خودی کا تصور ہے، اس خود انحصاری کے پیغام کی پوری مسلم امہ کو ضرورت ہے۔ یہی ہمارے لیے ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ اقبال کے افکار کو کس طرح پھیلایا جائے۔ معاشرے میں نفرتیں پیدا کی گئی ہیں، بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا ہے۔ امت میں اتحاد تب پیدا ہوگا جب ہم میں اتحاد پیدا ہوگا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ فلسطین میں جو حالات ہیں، مجال ہے کہ گولڈ اسمتھ کا کوئی بیان آیا ہو۔ کیوں مذمت نہیں کی جاتی ۔ آپ فلسطین پر ظلم کرنے والوں کی لندن جا کر کمپین کریں۔ ہماری فلسطین پر کل جماعتی کانفرنس ہوئی۔ سب نے شرکت کی، کیا وجہ ہے کہ ایک جماعت نے اس میں شرکت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں ہے۔ پاکستان ہے تو سیاست ہے۔ ہم اس ویژن پر عمل پیرا ہیں کہ نواجوان اس ملک کا اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک میں دوست ممالک سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ وزیراعظم نوجوانوں کو آگے لانے کے لیے بہت کام کررہے ہیں۔ مہنگائی کم ہوئی ہے۔ ہمیں اقبال کی سوچ پر کام کرکے معیشت کو بہتر کرنا ہوگا۔ کل حکومت کی جانب سے ونٹر پیکیج کا اعلان کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کے پی کے میں مہنگائی پر کوئی کام نہیں ہو رہا۔ وہاں مہنگائی ہے، امن و امان نہیں ہے۔ ایسا نہیں ہوتا کہ ایک جگہ بزدار، دوسری جگہ پنکی اور تیسری جگہ گوگی کو بٹھا دیں۔ 26 ویں آئینی ترمیم پر وکلا نے مہر لگائی ، حامد خان جو آج اعتراض اٹھا رہے ہیں انہوں نے ایک دن بھی کھل کر مخالفت نہیں کی۔ یہ لوگ مسودہ لے کر گئے، خان صاحب نے کہا تم لوگ پاگل ہو؟ جو مسودہ لے آئے ہو، میں کہہ رہا ہوں مجھے جیل سے باہر کراؤ۔
انہوں نے کہا کہ ا سٹیٹ ٹو اسٹیٹ معاملات میں فارن پالیسی شامل ہوتی ہے ۔ ٹرمپ کے آنے سے جو بیانیہ بنایا جا رہا ہے ایسے نہیں ہوتا ۔ امریکا کے ساتھ فارن پالیسی بہتر ہوئی ہے۔ امریکا کے الیکشن کو سیاسی حریفوں نے یونین کونسل کا الیکشن بنا دیا ہے۔
کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے ۔ طالبان کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی واپس لائے۔ آج وہی لوگ حملے کر رہے ہیں۔ دہشت گردوں کو بانی پی ٹی آئی واپس لائے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کرکٹ کو سیاست سے پاک رکھنا ہوگا۔ چیمپئنز سیریز پاکستان ہی میں ہوگی۔ جسے اعتراض ہے لکھ کر بھیجے۔ کچھ باتیں سیاسی معاملات سے بالاتر ہونی چاہییں۔