کراچی ایئرپورٹ سگنل پر چینی انجینئرز پر خود کش حملے کے ماسٹر مائنڈ کو بلوچستان کے علاقے وندر سے گرفتار کرلیا گیا۔
بلوچستان میں پولیس اور حساس اداروں نے خفیہ معلومات پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں ضلع لسبیلہ سے 2 خود کش حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا،حملہ آور کراچی میں سیکیورٹی فورسز اور غیرملکیوں کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
بلوچستان کے دیگر مقامات سے 4 دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا، کراچی ایئرپورٹ سگنل پر خود کش حملے کا ماسٹر مائنڈ بلوچستان کے علاقے وندر سے گرفتار کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر کی رات کراچی ایئرپورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے میں 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد ہلاک جب کہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے اور ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی گونج ڈسٹرکٹ سینٹرل سمیت شہر کے دور دراز علاقوں میں بھی سنی گئی تھی، ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ آئل ٹینکر پھٹنے کو قرار دیا گیا تھا تاہم تحقیقات کے بعد اسے خودکش دھماکا قرار دیا گیا تھا۔
خودکش دھماکے کی ذمے داری بی ایل اے نے قبول کی تھی، واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا تھا، جس میں قتل، اقدام قتل، خودکش حملے، دھماکا خیزمواد، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔