پاکستان تازہ ترین

وزیر اعلیٰ سندھ نے اسٹیل مل بحال کرانے کیلئے روس سے مدد طلب کرلی

وزیر اعلیٰ سندھ نے اسٹیل مل بحال کرانے کیلئے روس سے مدد طلب کرلی

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسٹیل مل کو بطور منافع بخش ادارہ بحال کرنے کے لیے روس سے مدد طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ سے روس کے سفیر البرٹ خوریف نے کراچی میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ رشین قونصل جنرل سے اچھی کوآرڈینیشن ہے، روس سے تعلقات بہتر سے بہتر اور مستحکم ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم روس کے ساتھ صحت، تعلیم اور ثقافت پر تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں روس نے کراچی میں اسٹیل مل لگائی تھی، ہم چاہتے ہیں کہ اسٹیل مل کو دوبارہ بحال کروائیں جس کے لیے رشین ایمبیسی مدد کرے۔

اس موقع پر روس کے سفیر نے کہا کہ اگلے ہفتے روس اور پاکستان کے ماہرین آن لائن اسٹیل مل کی بحالی پر تبادلہ خیال کریں گے، آن لائن تبادلہ خیال کے بعد روس کے وفد اسٹیل مل کا دورہ کرے گا۔

وزیر اعلی سندھ نے تجویز دی کہ اسٹیل مل کا نیا پلانٹ لگایا جائے تو بہتر ہوگا، اسٹیل مل چلنے سے معیشت کا استحکام ہوگا اور روزگار بڑھے گا۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ اسٹیل مل سندھ کی عوام کو شہید بھٹو کا تحفہ ہے جس کو ہم چلانا چاہتے ہیں، اسٹیل مل کے ملازمین جو بہت پریشان ہیں ان کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ اور روس کے سفیر کا دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق ہوا، ترجمان وزیر اعلی سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران رشین الیکٹرک بسز کراچی میں لانے پر بات چیت کی گئی۔

بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے رشین کمپنیز کے ساتھ ڈپلومیٹ چینل کے ذریعے بات چیت آگے بڑھانے پر اتفاق کیا، رشین سفیر البرٹ خوریف نے کہا کہ رشین حکومت سندھ میں کلچرل سینٹر قائم کر کے ثقافتی ورثہ بڑھانا چاہتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے