پاکستان اسٹاک ایکسیچنج (پی ایس ایکس) میں آج زبردست تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے اور ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس پہلی بار 94 ہزار 842 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج زبردست تیزی جاری ہے، کے ایس ای-100 انڈیکس میں 600 پوانٹس اضافہ ہوا جس کے بعد بینچ مارک 100 انڈیکس پہلی بار 94 ہزار 842 پر ٹریڈ کررہا ہے۔
اس کے اسٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح 95 ہزار پوانٹس کے قریب پہنچ گیا ہے جب کہ گزشتہ روز پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 836 پوائنٹس یا 0.9 فیصد بڑھ کر 94 ہزار 191 پر پہنچ گیا تھا جو اس سے ایک روز قبل 93 ہزار 355 پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو 100 انڈیکس نے پہلی بار انٹرا ڈے ٹریڈ کے دوران 94 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرلی تھی تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ رجحان جاری نہ رہا سکا تھا اور انڈیکس 356 پوائنٹس یا 0.38 فیصد بڑھ کر 93 ہزار 648 پر بند ہوا تھا۔
چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے بتایا تھا کہ مارکیٹ میں کم شرح سود کی وجہ سے میوچوئل فنڈز سے ایکویٹی میں تبدیلی جاری ہے۔
یوسف فاروق نے کہا تھا کہ ریٹیل سرمایہ کاروں کو اچھے طویل مدتی نتائج کے لیے قلیل مدتی نقل و حرکت کی فکر کیے بغیر متنوع پورٹ فولیو میں ’سرمایہ کاری جاری رکھنی چاہیے‘۔