بھارتی اداکارہ رِدھی ڈوگرا نے پاکستانی سپر اسٹار فواد خان کے ساتھ اپنی پہلی فلم "عبیر گلال” کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔
یہ فلم فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی کا نشان ہے، جو وانی کپور کے ساتھ رومانوی کہانی پر مبنی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں رِدھی نے کہا، "میں نے فلم سائن کرنے سے پہلے قانونی طور پر تسلی کی کہ پاکستانی اداکار کے ساتھ کام کرنا بھارت میں اجازت یافتہ ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، "آرٹ میں کسی قسم کی سرحد یا تقسیم نہیں ہونی چاہیے، لیکن میں نے قانون کے دائرے میں رہ کر فیصلہ کیا۔”
فلم کی شوٹنگ اکتوبر 2024 میں لندن میں شروع کی گئی۔ ہدایتکارہ آرتی ایس بگدی کے مطابق، یہ فلم محبت اور زندگی کے زخموں کو بھرنے کی کہانی ہے، جہاں دونوں کردار اپنے سفر میں عشق کو دریافت کرتے ہیں۔
2019 میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی فنکاروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی تھی، لیکن 2023 میں بمبئی ہائی کورٹ نے ان پابندیوں کو نرم کر دیا۔
فواد خان کا آخری بالی ووڈ پروجیکٹ "اے دل ہے مشکل” تھا، جس میں انہوں نے رنبیر کپور، انوشکا شرما اور ایشوریہ رائے کے ساتھ اہم کردار ادا کیا تھا۔ اب ان کی نئی فلم کا انتظار شائقین شدت سے کر رہے ہیں۔