اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہیکہ اسد عمر نے عمران خان کی ایما پر بیان میں حملے کا الزام وزیراعظم ، وزیر داخلہ اور ادارے پر لگایا ہے، اسد عمر کا یہ بیان انتہائی قابل افسوس اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ اسلام اباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے فائرنگ واقعے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں عمران خان زخمی ہوئے ہیں ، سیاست میں تقاریر اور پریس کانفرنس کی حد تک جواب دیا جاتا ہے ، بدقسمتی سے گزشتہ چند سالوں میں دشنام طرازی کی سیاست شروع ہوئی، حالیہ واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے دلی افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حملہ آور کا بیان واضح ہے کہ اس نے غیر قانونی اقدام کیوں کیا، پی ٹی آئی قیادت نے اس افسوسناک واقعے کو بھی سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی ایک شخص کے قتل اور اپنے زخمیوں کو بھی سیاست کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔