اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے جمعے کے روز ہونے والے اجلاس میں اپنے حکومتی اتحادیوں کی ترقیاتی اسکیموں کیلیے 16 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس گذشتہ روز ( جمعہ ) یہاں وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود و دیگر شریک ہوئے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزارت اقتصادی امور نے جی -20 ڈیبٹ سروس معطلی اقدام (ڈی ایس ایس آئی ) پر ایک سمری پیش کی۔ آئی ڈی اے کے اہل ممالک کے لیے کوویڈ-19 کے سماجی و اقتصادی اثرات کو کم کرنے کے لیے اس قرض میں ریلیف کا اعلان اپریل 2020 میں کیا گیا تھا۔ اس اقدام کے تحت قرض سے نجات اصولی طور پرسود کی ادائیگیوں کی معطلی کے ذریعے ہوناتھی۔ جی 20 کے وزرائے خزانہ نے پیشگوئی کے پیش نظرقرضوں میں ریلیف کو مزید چھ ماہ (جولائی دسمبر، 2021) کے لیے بڑھا دیا۔