لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سابق ساتھی کرکٹرز پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔ اپنی سوانح عمری میں انکشافات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے لکھا کہ راشد لطیف نے توجہ حاصل کرنے کیلیے فکسنگ الزامات کی پٹاری کھولی،سابق کپتان لابی بنانے میں ماہر تھے، اگر ان کے الزامات میں صداقت ہوتی تو وہ پہلے مرحلے میں ہی متعلقہ آفیشلز کو رپورٹ کرتے۔ انھوں نے جولائی 2000 میں ایک برطانوی ادارے کو انٹرویو میں بتایا کہ لارڈز ٹیسٹ1996 میں انھیں پاکستان ٹیم کے 300سے کم رنز بنانے پر 15ہزار ڈالرز کی پیشکش ہوئی تھی،ہوسکتا ہے کہ ہوئی بھی ہومگر میں کپتان تھا، راشد لطیف نے مجھے کیوں نہیں بتایا؟منیجر کو رپورٹ کیوں نہیں کی؟حیران کن طور پر انھوں نے جسٹس قیوم کو بتایا، جب بھی ان کو توجہ کی ضرورت ہوتی وہ اسی طرح کی کہانیاں سامنے لے آتے تھے۔