ملتان: ملتان ٹیسٹ میں شکست کے بعد کپتان بابراعظم بیٹرز کے غلط شاٹس کا رونا رونے لگے۔ ملتان ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ نہیں کرسکے، چند بیٹرز نے اپنی غلطی سے اپنی وکٹیں گنوائیں، انگلینڈ کی دوسری اننگزمیں بولنگ میں اچھی فائٹ کی، ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بیٹرز نے بھی اچھا مقابلہ کیا، سعود شکیل کی امام الحق اور پھر محمد نواز کے ساتھ اچھی شراکتیں قائم ہوئیں، ٹیل اینڈرز نے بھی اچھی کوشش کی لیکن میچ کا نتیجہ اپنے حق میں نہیں کرسکے۔ کپتان نے کہا کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں، جیت سکتے تھے، آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد اب ایک بار پھر اچھا فنش نہیں کر پائے،میچ کا نتیجہ اپنے حق میں کرنا چاہیے تھا، کوشش کریں گے کہ جو غلطیاں ہوئیں انہیں نہ دھراتے ہوئے کراچی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔