اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پہلے کہتے تھے اسمبلیاں توڑیں ہم الیکشن کیلیے تیار ہیں، جب ہم نے اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان کیا تو ایک نہیں دو تحاریک آگئیں، اگر جلد انتخابات نہ کرائے گئے ملک تباہی کی طرف جائے گا اور معاملہ سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ گورنر ہاس پنجاب کے باہر پی ٹی آئی مظاہرین سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایک شخص نے 8 ماہ پہلے پاکستان پر وہ ظلم کیا جو کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا، جہاں ملک آج پہنچ گیا اور جس اندھیرے میں ہے وہ 70 سال میں کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایک آدمی نے ہمارے ساتھ دشمنی کی اور ساری قوم کو مشکل میں پھنسا دیا، اس آدمی کیوجہ سے مجھے ملک دشمن اور غدار ہونے کا احساس ہونے لگا اور ہمارا قصور صرف یہ تھا کہ چوروں کے ٹولے کو ہم نے تسلیم نہیں کیا جبکہ قوم ہمارے ساتھ آکر کھڑی ہوگئی، اس سارے منظر اور حالات سے وہ آدمی بھی واقف تھا مگر اس کو کوئی فکر نہیں تھی۔ عمران خان نے کہا کہ اس ایک آدمی کے بارے میں ارشد شریف جانتا تھا، وہ آدمی مجھے نااہل کروانے پر بھی تلا ہوا ہے جبکہ ہماری حمایت میں لکھنے والے صحافیوں اور سوشل میڈیا ایکٹویسٹ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جب یہاں بھی بس نہ چلا تو مجھے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی اور پی ٹی آئی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا مگر وہ ناکام رہا۔