کراچی: امریکی سفارت خانے نے سیاحتی اور کاروباری ویزوں میں توسیع کے خواہش مند پاکستانی شہریوں کے لیے انٹرویو کی چھوٹ میں مزید توسیع کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کسٹمر سروس کو بہتر بنانے کی کوششوں کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔ یہ سہولت بی ون یا بی ٹو سیاحتی اور کاروباری ویزوں کے حامل ایسے افراد کے لیے ہے جن کے ویزوں کے میعاد 48 ماہ میں ختم ہو چکی ہے۔ علاوہ ازیں ویزہ انٹرویو میں چھوٹ میں توسیع سے صرف وہ درخواست دہندگان فائدہ اٹھاسکیں گے جو دوسری یا تیسری بار توسیع کروانا چاہ رہے ہیں۔ پہلی بار ویزا کی درخواست دینے والے اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا انٹرویو چھوٹ میں توسیع دینے پر شکریہ ادا کیا۔