کراچی: وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے 10 فیصد مستحق بچوں کو مفت تعلیم دینے کے پابند ہیں، اسکولوں کو نوٹس بھیج دیے ہیں جو عمل نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، نجی اسکول اساتذہ کو 25 ہزار سے کم تنخواہ دینے پر بھی کارروائی ہوگی۔ یہ بات انہوں ںے اپنے دفتر میں ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں ںے کہا کہ تمام اسکول ہمارے زیر نگرانی ہیں، بیشتر نجی تعلیمی اداروں سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ اکثر نجی اسکولوں میں اساتذہ کو صرف 8 سے 10 ہزار ماہانہ تنخواہیں دی جارہی ہے جبکہ سندھ حکومت نے کم سے کم ویجز بھی 25 ہزار ماہانہ مقرر کی ہوئی ہے۔


