اسلام آباد: پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات پر ازخود نوٹس کیس میں حکومتی اتحاد (پی ڈی ایم) نے جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس مظاہر نقوی پر اعتراض اٹھا دیا۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 9 رکنی بینچ نے انتخابات سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت شروع کی تو پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ بینچ کی تشکیل پر ہمیں دو ججز پر اعتراض ہے جنہیں بیچ میں نہیں بیٹھنا چاہیے۔ دوران سماعت، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آج اکٹھے ہونے کا مقصد تھا سب کو علم ہو جائے، مختلف فریقین کے وکلا عدالت میں دیکھ کر خوشی ہوئی۔ وکیل پیپلزپارٹی فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ہمیں کوئی نوٹس تو نہیں ملا، درخواست ہے سب کو نوٹس جاری کیے جائیں۔