وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ 13 اگست کو اسمبلی کی مدت ختم اور نگران حکومت آجائے گی۔ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد نوازشریف اور جہانگیرترین کی تاحیات نااہلی ختم ہو چکی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد نوازشریف کی تاحیات نااہلی ختم ہوگئی، نوازشریف اور جہانگیرترین الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اہل ہوچکے ہیں۔ وزیرقانون نے کہا کہ آئین میں کہیں بھی نااہلی 5سال سے زیادہ نہیں ہے، اب کسی بھی شخص کی نااہلی 5سال کیلئے ہوگی، آج کے قانون کے بعد کوئی شخص تاحیات نااہل نہیں رہ سکتا۔اعظم نذیرتارڑ نے مزید کہا کہ نوازشریف کی تاحیات نااہلی ختم ہوگئی مگر نیب کیس میں سزا کے سبب وہ انتخاب نہیں لڑ سکتے۔ وہ وطن واپسی پر اپیل دائر کریں گے۔ امید ہے اس میں نوازشریف سرخرو ہو جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کے علاوہ کوئی دوسرایہ اختیاراستعمال نہیں کرسکتا، قانون بنانا اور اس میں ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا آئینی اختیار ہے، آج کسی کولگ رہا ہے وہ ان ترامیم کابینفشری ہے توکل کوئی اور ہوگا۔