راولپنڈی: تھانہ مورگاہ کے علاقے جھامرا میں علی الصبح دودھ دہی کی دکان پر ڈکیتی کی واردات، تین ڈاکو ڈھائی لاکھ روپے سے زائد کی نقدی لوٹ کر دکاندار کو دکان میں بند کرکے فرار ہوگئے۔آج صبح ملک شاپ پر دکاندار کام میں مصروف تھا کہ اچانک تین مسلح ڈاکو دکان میں داخل ہوئے اور دکاندار کو یرغمال بنا کر ڈھائی لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹ کر فرار ہوتے وقت دکان کا شٹر بند کرکے دکاندار کو اندر بند کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں ڈاکوؤں کو واردات کرتے اور موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملک شاپ کے مالک محمد ارسلان کا کہنا تھا کہ دکان کا عملہ صبح سویرے دکان کھول کر کام میں مصروف تھا کہ شلوار قیمض پہنے، پنجابی اور پوٹھوہاری زبان بولتے تین مسلح ملزمان نے واردات کی جنہیں ویڈیو میں دور تک موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملی ہے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔