کھیل

دوسرا ون ڈے: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دیدی

دوسرا ون ڈے: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دیدی

پاکستان نے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں ہمبنٹوٹا میں کھیلےسنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دیدی۔‌ہمبنٹوٹا میں کھیلے میچ میں پاکستان نے 301 رنز کا ہدف آخری اوور میں ایک گیند قبل حاصل کرکے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، نسیم شاہ انتہائی مشکل صورتحال میں 10 رنز بناکر ایک بار پھر مرد بحران ثابت ہوئے، شاداب خان نے 48 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔‌شاداب خان 48 ویں اوور میں 48 رنز بناکر آوٹ ہوئے، پاکستان کی ساتویں وکٹ 46.2 اوورز میں 258 کے مجموعی اسکور پر گری جب افتخار احمد 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔‌39ویں اوور میں 211 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 91 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 170 کے مجموعی اسکور پر بابراعظم 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔‌محمد رضوان 2، سلمان علی آغا 14 اوراسامہ میر کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔‌پاکستان کی پہلی وکٹ 52 کے مجموعی اسکور پر گری تھی جب فخرزمان 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد امام الحق اور بابراعظم کے درمیان 118 رنز کی طویل پارٹنر شپ ہوئی۔‌اس سے قبل سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان نے 227 رنز کی شاندار اوپننگ پارٹنر شپ کی بدولت 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو جیت کیلئے 301 رنز کا ہدف دیا تھا۔ افغانستان کی پہلی وکٹ چالیسویں اوور میں 227 رنز پر گری تھی جب ابراہیم زادران 80 رنز بناکر اسامہ میر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ رحمان اللہ گرباز نے 151 گیندوں پر 14 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اُنہیں شاہین آفریدی نے وکٹ کیپر محمد رضوان کی مدد سے قابو کیا۔ محمد نبی 29، راشد خان 2 اور شاہد اللہ صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے 2، اسامہ میر اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔‌یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغان ٹیم کو 142 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کیا تھا۔ دونوں ٹیمیں ایشیاکپ اور ورلڈکپ جیسے میگا ایونٹس کی تیاریوں کے سلسلے میں سیریز کھیل رہی ہیں، تینوں میچز کی میزبانی افغان بورڈ سری لنکا میں کررہا ہے۔ اس سے قبل پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں 5 ون ڈے انٹرنیشنلز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں قومی ٹیم کامیاب رہی۔
پاکستان کا اسکواڈ
کپتان بابراعظم، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، افتخار احمد، آغا سلمان، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔
افغانستان کا اسکواڈ
کپتان حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زادران، ریاض حسن، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی، شاہد کمال، عبدالرحمان اور اکرام علی شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے