بیجنگ: موسم سرما میں شدید سردی کے باعث بند کی جانے والی پاک چین تجارتی راہداری خنجراب پاس کو تجارتی سرگرمیوں کیلئے کھول دیا گیا۔حکام کے مطابق نومبر میں پاک چین تجارتی راہداری کو موسم سرما کے باعث 5 ماہ کیلئے بند کیا گیا تھا جسے حکومت نے 10 روز کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، خنجراب پاس سے مال بردار گاڑیاں انٹرنیشنل ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت پاکستان سے چین کے راستے تاجکستان، کرغزستان اور دیگر ممالک روانہ ہوں گی جبکہ چین سے گاڑیاں شاہراہ قراقرم کے راستے افغانستان جائیں گی۔دوسری جانب چین کے دارالحکومت میں رواں ماہ سردی کا 72 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، بیجنگ میں مسلسل 9 دن درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے رہا، یہ 1951ء کے بعد سے پہلا موقع ہے جب بیجنگ میں منفی 10 درجہ حرارت 9 دن تک برقرار رہا۔چین کے شمالی اور شمال مشرقی حصے بھی شدید ٹھنڈ کی لپیٹ میں ہیں جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے، شدید سردی کی وجہ سے چین کے صوبے ہینان میں نظام زندگی شدید متاثر ہوا جہاں ہیٹ فراہم کرنے والے پلانٹ بھی بند ہو گئے۔