اسلام آباد: وزارت خزانہ نے رواں مالی سال جولائی سے دسمبر تک کی معاشی رپورٹ جاری کر دی، جولائی سے دسمبر کے دوران مالیاتی خسارہ 2.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق جولائی سے دسمبر تک دفاعی اخراجات 19 فیصد اضافے سے 758 ارب روپے تک پہنچ گئے، قرض کی ادائیگیاں 64 فیصد اضافے کیساتھ 4220 ارب روپے تک پہنچ گئیں، جولائی سے دسمبر کے دوران پٹرولیم لیوی 166 فیصد اضافے سے 473 ارب روپے رہی۔وزارت خزانہ کے مطابق جولائی سے دسمبر وفاقی ٹیکس ریونیو 30 فیصد اضافے سے 4469 ارب روپے، صوبائی ٹیکس ریونیو 20 فیصد اضافے کے ساتھ 365 ارب روپے تک پہنچ گیا۔پورٹ کے مطابق پہلی ششماہی کے دوران پنشن پر 404 ارب روپے خرچ ہوئے، حکومتی امور چلانے کیلئے 302 ارب، سبسڈیز کی مد میں 375 ارب، ترقیاتی کاموں پر 152ارب روپے خرچ کئے گئے۔وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق پہلی ششماہی میں صوبوں نے ترقیاتی کاموں پر 542 ارب روپے خرچ کئے، نان ٹیکس ریونیو 1980 ارب اور سٹیٹ بینک کا منافع 972 ارب روپے رہا، پاسپورٹ کی فیس سے 25 ارب روپے حاصل ہوئے۔رپورٹ کے مطابق وفاق کے مجموعی اخراجات 6583 ارب روپے رہے، وفاق کو 4219 ارب روپے قرضوں اور سود پر خرچ کرنا پڑے، این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو 2453 ارب روپے ٹرانسفر ہوئے۔