سینٹ نے اسلام آباد میں پُرامن جلسے جلوس کے انعقاد کا بل منظور کر لیا۔ بل کے مطابق اب اسلام آباد کے کسی بھی علاقے میں حکومتی اجازت کے بغیر جلسہ جلوس نہیں کیا جا سکے گا ، حکومتی اجازت کے بغیر جلسہ جلوس کرنے یا اس میں شامل ہونے والوں کو تین سال تک قید کی سزا ہو سکے گی۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد میں مخصوص جگہ پر پُرامن جلسے جلوس کے انعقاد کا بل پیش کیا گیا۔ بل پر شق وار رائے شماری ہوئی جس میں بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ اسلام آباد میں ہمارے جلسے کو روکنے کیلئے یہ قانون بنایا جا رہا ہے ، حکومتی رکن عرفان صدیقی نے کہا کہ اس بل کا کسی جلسے سے کوئی تعلق نہیں۔ وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایک جگہ مختص کر دی جائے گی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جلسے جلوس کے لیے کوئی ہائیڈ پارک جیسی جگہ بنا دی جائے۔