پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین کا قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد پہلا بیان سامنے آگیا۔ ایم پی اے بلال یاسین نے میواسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ معمول کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنے حلقے میں گھوم رہے تھے کہ اچانک 2 لوگ آئے ، وہ سمجھے کہ یہ پولیس والے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں پتا تھا کہ وہ مجھے مارنے آئے ہیں۔ واضح رہے لاہور کے موہنی روڈ پر موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم افراد نے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔
بلال یاسین کو زخمی حالت میں میو اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق بلال یاسین کو پیٹ میں دو گولیاں اور ٹانگ میں ایک گولی لگی ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کی حالت بظاہر خطرے سے باہر ہے لیکن آپریشن کے بعد ہی حتمی رائے دی جاسکتی ہے۔