لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین کو کامیاب آپریشن کے بعدآئی سی یو میں منتقل کردیا گیا۔ میو اسپتال کے ڈاکٹر فیاض کے مطابق بلال یاسین کی طبیعت بہتر ہے، ان کے کولہے کے نیچے کی ہڈی گولی لگنے سے ٹوٹ گئی تھی جس کی جدید طریقے سے سرجری کردی گئی تاہم زخم مکمل بھرنے میں 6 سے 9 ماہ لگ سکتے ہیں۔
حملے سے متعلق سی سی ٹی وی ویڈیو سے مدد لی جا رہی ہے: پولیس دوسری جانب بلال یاسین کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے پولیس میو اسپتال پہنچی۔ پولیس حکام کا کہنا ہےکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کیلئے بلال یاسین کا بیان بہت ضروری ہے ، وہ خود یا وکیل کے ذریعے بیان ریکارڈ کروادیں تو آسانی ہوگی۔
پولیس کے مطابق بلال یاسین پر حملے سے متعلق سی سی ٹی وی ویڈیو سے مدد لی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ (ن) لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر 31 دسمبر کی رات موہنی روڈ پر 2 موٹر سائیکل سواروں نے حملہ کیا جس سے وہ زخمی ہوگئے تھے۔