برطانوی اداکارہ ایما واٹسن کا فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا اسرائیلی حکام کو بلکل ہضم نہ ہوا۔
ایما واٹسن نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے گزشتہ سال فلسطینی عوام کے ایک مظاہرے کی ایک تصویر پوسٹ کی جس پر لکھا تھا کہ ‘یکجہتی ایک فعل ہے’۔
ہیری پوٹر سیریز سے شہرت پانے والی اداکارہ نے آسٹریلوی اسکالر سارہ احمد کا قول پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ‘یکجہتی یہ نہیں کہ ہماری جدوجہد ایک جیسی ہو، یا یہ کہ ہمارا درد ایک ہو، بلکہ یکجہتی میں وابستگی اور کام کے ساتھ ساتھ یہ تسلیم کرنا بھی شامل ہے کہ اگر ہمارے پاس ایک جیسے احساسات، ایک جیسی زندگی، یا ایک جیسے جسم نہ ہوں لیکن پھر بھی ہم مشترکہ طور پر ایک ساتھ رہتے ہوں’۔
ایما واٹسن کی اس پوسٹ کو تقریباً 11 لاکھ سے زائد بار پسند کیا جاچکا ہے جبکہ فلسطین کے حامی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں سراہتے ہوئے اداکارہ کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر گیلاد اردان نے اس پوسٹ پر تنقید کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ "ہیری پوٹر میں افسانہ کام کر سکتا ہے لیکن یہ حقیقت میں کام نہیں کرتا’۔