اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ کو توسیع دینا بہت بڑی غلطی تھی کیونکہ انہوں نے میرے ساتھ ڈبل گیم کھیلی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے جنرل (ر) باجوہ پر ڈبل گیم کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈبلی گیم تو کھیلی لیکن آخر میں وہ خود بے نقاب ہوگئے، جنرل (ر) فیض کو ہٹانے کے بعد جنرل باجوہ کی گیم کا علم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ پر بھروسہ کر کے غلطی کی کیونکہ میں ان کی ہر بات کا بھروسہ کرلیتا تھا بعد میں جب چیزیں سامنے آیں تو غلطی کا احساس ہوا۔ عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ کو توسیع دینا بہت بڑی غلطی تھی، میں اس بات پر قائل ہوں کہ فوج میں کبھی کسی کو توسیع نہیں ملنی چاہیے، اس وقت بھی یہی سوچتا تھا مگر حالات ایسے بنادیے گئے تھے اور بار بار ملکی استحکام و سیکیورٹی کے حوالے سے باتیں کی جارہی تھیں۔