انقرہ: برسوں کی کشیدگی اور تناو کے بعد بالآخر ترکیہ میں اسرائیلی سفیر تعینات ہوگئیں جنھوں نے دارالحکومت میں صدر طیب اردوان سے ملاقات میں اپنے کاغذات پیش کیے جو قبول کرلیے گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے اسرائیل کی نئی سفیر ایرٹ لی لیان سے ملاقات کی اور ان سے سفارت کے اسناد وصول کیے۔ دونوں ممالک کے درمیان 4 سال کی کشیدگی کے بعد تعلقات معمول پر آئے ہیں۔ تعلقات میں بہتری کا آغاز دو سال قبل ہوا تھا جب دونوں ممالک کے رہنماوں نے دورے کیے اور سفیروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا تاہم ان کی تعیناتی میں بھی مزید دو سال لگ گئے۔ خیال رہے کہ جنوری 2021 سے ایرٹ لی لیان ترکیہ میں اسرائیل کی چارج ڈی افیئرز کی ذمہ داریاں سنبھال رہی ہیں اور اب وہ ترکیہ میں اسرائیل کی باضابطہ سفیر بن گئی ہیں۔