اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو رینجرز نے گرفتار کر لیا۔ پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ نیازی نے بتایا ہے کہ عمران خان کو رینجرز نے حراست میں لیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ رینجرز اہلکار بڑی تعداد میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں موجود ہیں۔ اطلاعات کے مطابق نیب نے القادر یونیورسٹی کیس میں عمران خان کو گرفتار کیا ہے۔ القادر یونیورسٹی کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے نیب انکوائری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ انہوں نے درخواست میں چیئرمین اور ڈی جی نیب راولپنڈی کو فریق بناتے ہوئے مقف اختیار کیا کہ سیاسی مخالفین نے بے بنیاد الزامات پر نیب تحقیقات کا آغاز کیا، عدالت نیب کی انکوائری کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔ القادر یونیورسٹی اسلام آباد کے قریب سوہاوہ میں زیر تعمیر یونیورسٹی ہے۔ یہ منصوبہ القادر یونیورسٹی پروجیکٹ ٹرسٹ کا حصہ ہے۔ 5 مئی 2019 کو اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے القادر یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔