پاکستان تازہ ترین

توشہ خانہ ٹو: عمران خان کی درخواست ضمانت پر اعتراض دور، پیر کو سماعت کیلئے مقرر

توشہ خانہ ٹو: عمران خان کی درخواست ضمانت پر اعتراض دور، پیر کو سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی درخواست ضمانت پر اعتراضات دور کرتے ہوئے کیس 4 نومبر بروز پیر سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست ضمانت پر سماعت کی ، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے عائشہ خالد، شاہینہ شہاب و دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے،

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ یہ کیا ہے؟ درخواست پر تو رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں، وکیل عائشہ خالد نے کہا کہ یہ بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست ہے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آپ نے کہا کہ رولز آف کنسسٹینسی ہے مگر یہ تو مرد ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی ضمانت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا وہ تو عورت تھی تو تب ضمانت بنی، کل ہی ایک ایسی درخواست میں نے خارج کردی۔

عدالت نے کہا کہ رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے وکالت نامہ جولائی کا ہے اور کاز آف ایکشن نومبر کا ہے، عدالت نے شاور خاور ایڈووکیٹ سے مکالمہ کیا کہ شاہ خاور صاحب آپ کی معاونت درکار ہے اس معاملے پر، وکیل شاہ خاور نے کہا کہ یہ ایک روٹین پریکٹس ہیں، جب درخواست گزار جیل میں ہو تو ہم ایک ساتھ وکالت نامے دستخط کرا لیتے ہیں۔

دلائل سننے کے بعد عدالت عالیہ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کردیے اور درخواست کو پیر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے