پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کل دوپہر 2 بجے سنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ 19 ستمبر کو محفوظ کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی تھی۔ عمران خان کے وکیل علی ظفر اور بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ محسن رانجھا کے وکیل خالد اسحاق الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرواتے وقت توشہ خانے کے تحائف ظاہر نہیں کیے، عمران خان کا جواب آ گیا ہے، جواب میں تسلیم کیا گیا کہ یہ اثاثے حاصل کیے گئے، تحائف مقررہ وقت پر ظاہر نہ کرنے کی وجہ یہ دی کہ ایسے تحائف ظاہر نہیں کیے جاتے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ علی ظفر ہنس رہے ہیں کہ ملین روپے کے کون سے کف لنک ہیں۔